گلبرگہ19؍دسمبر( اعتماد نیوز): ڈپٹی کمشنر گلبرگہ ویپل بنسل نے گلبرگہ شہر
کے عوامی مقامات پر سگریٹ نوشی اور تمباکو سے بنی دیگر اشیاء کو استعمال پر
مکمل پابندی عائد کردی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر گلبرگہ نے آج یہاں ایک اخباری
اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی مقامات پر سگریٹ نوشی یا پھر
تمباکو سے بنی اشیاء کا استعمال کرنے والوں پر200روپیوں کا جرمانہ عائد کیا
جائیگا ، اسکول کالجس کے احاطوں میں
بھی سگریٹ نوشی اور تمباکو سے بنی
اشیاء کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی ہے ۔ اسکول کالجس کے اطراف و
اکناف 100میٹر کے احاطہ میں بیڑی سگریٹ اور تمباکو کی دیگر اشیاء کی فروخت
پر پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔26جنوری 2015سے گلبرگہ شہر کو تمباکو سے پاک
بنانے کی مہم کے سلسلہ میں یہ پابندی عائد کی گئی ہے ۔ اس سلسلہ میں مزید
تفصیلات اور امداد کے لئے ٹول فری نمبر1800110456پر ربط پیدا کرنے کی
درخواست کی گئی ہے ۔